کراچی(غلام مصطفے عزیز ) (اے پی پی) سیکریٹری بلدیات سندھ روشن شیخ نے کہا ہے کہ واٹربورڈ کی نجکاری کی خبروں میںصداقت نہیں ہے ، سندھ حکومت شہریوں کو صاف وشفاف پانی کی فراہمی چاہتی ہے، واٹربورڈ میں اصلاحات لانا اور شہریوں کو سہولیات فراہم کرنے کے خواہاں ہیں، ہر معاملے میں میرٹ کو مقدم رکھا جائے، واٹر بورڈ فراہمی نکاسی آب، پانی کی اہمیت اور واٹر بورڈ کے واجبات کی ادائیگی کے حوالے سے شہریوں کیلئے آگاہی مہم چلائے، عملہ کی پیشہ وارانہ تربیت کیلئے فوری اقدامات کیئے جائیں۔ پیر کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے واٹربورڈ کے ایم ڈی سیکریٹریٹ میں منعقدہ وزارت بلدیات اور واٹربورڈ کے اعلیٰ افسران کے خصوصی اجلاس کی صدرات کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ایڈیشنل سیکریٹری بلدیات جلال الدین جلارانی، ایم ڈی واٹربورڈ اسداللہ خان، ڈی ایم ڈی ایچ آرڈی اینڈ اے شعیب تغلق، ڈی ایم ڈی پلاننگ فریدہ سلام، پروجیکٹ ڈائریکٹرز، چیف انجینئرز اور سپرنٹنڈنگ انجینئرز نے شرکت کی۔ سیکریٹری بلدیات نے کہا کہ واٹربورڈ کی نجکاری نہیں کی جارہی ہے، ان خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے، سندھ حکومت ورلڈ بنک کے تعاون سے واٹربورڈ میں اصلاحات لائے گی، انجینئرز و افسران سمیت عملہ کو پیشہ وارانہ تربیت فراہم کی جائے گی۔ انہوںنے کہا کہ واٹربورڈ کے پاس باصلاحیت اور تجربہ کار انجینئرز وافسران موجود ہیں جن میں شہر کے فراہمی ونکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے کی صلاحیت موجود ہے۔ انہوںنے کہا کہ افسران جدید دور کے تقاضوں کے مطابق خود کوڈھالیں اور شہریوں کے مسائل کیلئے جدید ٹیکنالوجی کاسہارا لیں۔ قبل ازیں ایم ڈی واٹربورڈ اسداللہ خان نے سیکریٹری بلدیات کو فراہمی ونکاسی آب سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ واٹربورڈ کوشہر کی طلب کے مقابلے میں صرف 44فیصدپانی دستیاب ہے جو وہ کراچی کے شہریوں کیلئے سیکڑوں کلو میٹر کے فاصلے سے لاتا اسے باقاعدہ فلٹریشن کے عمل سے گزارکر شہر کے کونے کونے تک پہنچاتا ہے ،شہریوں تک پانی کی منصفانہ تقسیم تک مختلف مراحل طے کرتا پانی پہنچانے کیلئے بجلی کے کثیر اخراجات آتے ہیں ،واٹربورڈ شہریوںکو اضافی پانی کی فراہمی کیلئے کئی منصوبوں پر کام کررہا ہے ،سیوریج کی نکاسی کیلئے بھی متعددمنصوبے جاری ہیں ، انہوں نے کہا کہ شہریوں کی خدمت کیلئے واٹربورڈ کا عملہ مختلف شفٹٹوں میں سال کے365دن کام کرتا ہے،بہترحکمت عملی کے باعث واٹربورڈ کے ریونیومیں بھی اضافہ کردیاگیا ہے ۔