نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے بھارتی ریاست سکم نے غیرملکیوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق سکم کا بارڈر چین کے ساتھ بھی ملتا ہے۔ اس کے علاوہ جاپان، امریکہ اور یورپی ممالک سے بھی لاکھوں کی تعداد میں سیاح اس ریاست میں کوہ ہمالیہ کے نظارے دیکھنے آتے ہیں۔ ریاست میں داخلے کے لیے غیرملکیوں کو بھارتی ویزے کے ساتھ ریاست سکم سے ایک خصوصی پرمٹ بھی لینا پڑتا ہے جو کہ ریاستی حکومت نے اب بند کر دیا ہے۔
پرمٹ نہ ملنے پر کوئی بھی غیرملکی بھارتی ویزا ہونے کے باوجود سکم میں داخل نہیں ہو سکے گا۔ سکم کے محکمہ داخلہ کی طرف سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ ”کورونا وائرس کو ریاست میں داخل ہونے سے روکنے کے لیے غیرملکیوں کو ’اِنر لائن پرمٹ‘ دینے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ریاستی حکومت کے اس فیصلے سے جہاں ریاست میں ہوٹلنگ کا کاروبار شدید متاثر ہو گا وہیں کلکتہ کی ٹریول انڈسٹری پر بھی اس کے منفی اثرات مرتب ہوں گے۔