سیول(نمائندہ خصوصی) جنوبی کوریا کے دوسرے مصروف ترین ائیرپورٹ کیمہے کے قریب آسمان پر نامعلوم چیزیں دیکھی گئی ہیں۔ کیمرے سے لی گئی تصاویراور ویڈیوزمیں یہ نامعلوم چیزیں آسمان پر ایک جگہ سے دوسری جگہ حرکت کرتی نظر آرہی ہیں۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ یہ نامعلوم چیزیں UFO ہو سکتی ہیں. اطلاعات کے مطابق ان نامعلوم چیزوں کی تصاویر تب سامنے آئیں جب ایک کیمرہ مین ایئرپورٹ کے قریب لینڈنگ کرنے والے ہوائی جہازوں کی ویڈیوز بنا رہا تھا۔ کیمرا مین کی فلمائی گئی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دو چھوٹی سی چیزیں ایک دوسرے کی طرف بہت تیز رفتار سے بڑھتی ہیں اور اس کے فورا بعد ایک طیارہ لینڈ کرتا نظر آتا ہے۔ ایک اور ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پہلے کی طرح کی چیزیں دوبارہ مختلف زاویے سے اڑتی نظر آتی ہیں۔ دونوں ویڈیوز میں نامعلوم چیزیں ایک طیارے کی رفتار سے بھی کئی گنا تیزی سے حرکت کرتی دکھائی دیتی ہیں۔ کیمرامین کے مطابق ویڈیوز کی ایڈیٹنگ کرتے وقت ان نامعلوم چیزوں کو دیکھنے کے بعد اسے یہ احساس ہوا کہ یہ UFO ہو سکتے ہیں کیوں کہ کوئی بھی پرندہ یا ایسی چیزیں اتنی تیز رفتاری سے ایک سمت میں نہیں اڑ نہیں سکتیں۔ ایئرپورٹ انتظامیہ اور دوسرے متعلقہ ادارے مزید تحقیقات کر رہے ہیں۔