• Tue. Jul 1st, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

جنگ کیلئے چین کس ملک میں میزائل سمگل کرسکتا ہے؟ دفاعی تجزیہ کاروں نے امریکہ کو خبردار کردیا

Dec 12, 2021

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکہ اور چین کے درمیان تائیوان کے تنازع، بحر جنوبی چین کے مسئلے یا دیگر معاملات پر بڑھتی ہوئی کشیدگی کے ہنگام ماہرین نے ایک تشویشناک وارننگ جاری کر دی ہے۔ دی سن کے مطابق دفاعی تجزیہ کاروں نے متنبہ کیا ہے کہ چین، امریکہ پر اچانک حملہ کرنے کے لیے اپنے میزائل سمگل کرکے وینزویلا پہنچا سکتا ہے جس کے لیے امریکہ کو خبردار رہنے کی ضرورت ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ چین نے کنٹینر تیار کرنے کی ایک ایسی صلاحیت خاموشی سے اپنے اندر پیدا کر لی ہے جس کے ذریعے وہ میزائل ایک سے دوسری جگہ خفیہ طریقے سے سمگل کر سکتا ہے۔ چین اپنے سپیس پروگرام کے تحت ایسے راکٹ تیار کرنے کے منصوبے پر بھی کام کر رہا ہے جن کا دوہرا استعمال ہو سکے گا۔ ایک طرف ان راکٹوں کے ذریعے سیٹلائٹس خلاءمیں پہنچائی جا سکیں گی اور جنگ کے لیے یہ راکٹ بطور ایٹمی میزائل بھی استعمال ہو سکیں گے۔

انٹرنیشنل اسیسمنٹ اینڈ سٹریٹجی سنٹر کے شعبہ ایشین ملٹری افیئرز سے وابستہ حربی ماہر رِک فشر کا کہنا تھا کہ چین ممکنہ طور پر یہ ہتھیار جنوبی امریکہ سمگل کر سکتا ہے تاکہ امریکہ پر اچانک حملہ کر سکے۔ سابق انٹیلی جنس چیف برائے یو ایس پیسیفک فلیٹ کیٹن جیمز فینیل کا بھی کہنا تھا کہ ”چین کے سپیس راکٹ کنٹینر لانچر بظاہر فوجی استعمال کے لیے بنائے جا رہے ہیں، جنہیں چین وینزویلا سمگل کرکے امریکہ پر حملے کے لیے استعمال کر سکتا ہے۔“