• Wed. Jul 9th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

“ہم جنازوں پر نہیں جاسکے اور یہ پارٹیاں کرتے رہے” اپوزیشن کی تنقید کے بعد بورس جانسن نے معافی مانگ لی

Jan 13, 2022

لندن (نمائندہ خصوصی) کورونا لاک ڈاؤن کے دوران وزیر اعظم ہاؤس 10 ڈاؤننگ سٹریٹ میں پارٹی منعقد کرنے پر برطانیہ کے وزیر اعظم بورس جانسن نے معافی مانگ لی۔

کورونا لاک ڈاؤن کے دوران 20 مئی 2020 کو 10 ڈاؤننگ سٹریٹ میں ایک پارٹی منعقد کی گئی تھی جس میں وزیر اعظم بورس جانسن بھی شریک ہوئے تھے۔ معاملہ سامنے آنے پر انہیں کڑی تنقید کا سامنا تھا ۔ اپوزیشن ارکان نے وزیر اعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ لاک ڈاؤن کے دوران ہم تو جنازوں میں بھی نہیں جا سکے لیکن یہ پارٹیاں کرتے رہے ہیں۔

سوالات کے ہفتہ وار سیشن کے دوران بورس جانسن نے لاک ڈاؤن کے دوران پارٹی کی مکمل ذمہ داری لیتے ہوئے کہا کہ وہ اس پر معافی مانگتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اندر کام کیلئے جانے سے پہلے 25 منٹ کیلئے پارٹی میں شریک ہوئے تھے، ان کے خیال میں یہ کام کے سلسلے میں ہونے والی کوئی تقریب تھی۔