سول (نمائندہ خصوصی) جنوبی کوریا کے دارالحکومت سول کی لوکل گورنمنٹ نے رواں سال کے آخر تک شہر میں 35ہزار الیکٹرک کار چارجنگ سٹیشن بنانے کا اعلان کیا ہے۔ یہ کار چارجنگ اسٹیشن شہر کے مختلف علاقوں میں سول گورنمنٹ، وزارت ماحولیات، وزارت ٹرانسپورٹ، نجی کمپنیوں اور عوامی تعاون سے بنائے جائیں گے۔ سول حکومت نے اس ماہ سے درخواستیں جمع کرنا شروع کردی ہیں تا کہ جو کوئی بھی بجلی سے چلنے والی گاڑیاں چارج کرنے والے چارجنگ اسٹیشن بنانا چاہے وہ اس کاروبار کو حکومتی ہدایات کے بعد شروع کرسکے۔ حکومتی اعلان میں بتایا گیا ہے کہ 23ہزار چارجنگ اسٹیشن حکومت اور 12ہزار پرائیوٹ پارٹنرشپ سے بنائے جائیں گے۔ یہ چارجنگ اسٹیشن تین اقسام کے ہوں گے جن میں 5سو فاسٹ چارجر، 15سو سلو چارجر اور 1ہزار پلگ کی طرز پر بنیں گے۔ اور یہ چارجر پہلے سے موجود پٹرول پمپ، گیس سٹیشن، بڑے شاپنگ مال، سپورٹس کلب، رہائشی عمارتوں اور مارکیٹ کی کار پارکنگ میں بنائے جائیں گے اور حکومت اس پر 50 فیصد تک مالی معاونت بھی کرے گی۔ کار چارج کرنے کی قیمت حکومت خود طے کرے گی.