ابوجا (نمائندہ خصوصی) مسلمان ملک نائجیریا میں 100 مسلح دہشتگردوں نے شمالی نائجیریا کے علاقے میں کئی دیہاتوں پر حملہ کرکے 50 افراد کو قتل کردیا اور مال مویشی لوٹ کر فرار ہوگئے۔
خبر ایجنسی اے ایف پی کے مطابق شمالی نائجیریا کی ریاست قدونہ کے کیراوا، زارے یاوا اور منڈا گاﺅں پر فجر کے وقت 100 مسلح افراد نے حملہ کیا ، یہ وہ وقت تھا جب لوگ نمازِ فجر کیلئے مسجد جارہے تھے، مسلح دہشتگردوں نے دیہاتوں میں قتل عام کرنے اور لوٹ مار کے بعد گھروں کو آگ لگادی۔
نائجیرین رکن اسمبلی زیاد ابراہیم کے مطابق اب تک حکام کو 50 افراد کی لاشیں ملی ہیں جبکہ مزید لوگوں کی تلاش کا کام جاری ہے، ممکنہ طور پر ہلاکتوں میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جنگل میں مقیم دہشتگردوں کے خلاف نائجیرین آرمی نے آپریشن لانچ کیا ہے اور ان دیہاتوں کے لوگ آرمی کی حمایت کر رہے تھے جس کی وجہ سے دہشتگردوں نے انہیں نشانہ بنایا ہے۔