ممبئی(نمائندہ خصوصی)بھارت کی ریاست مہاراشٹر میں مال بردار ٹرین نے پٹریوں پر سوئے 15 مزدوروں کو کچل دیا۔این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق مہاراشٹر کے ضلع اورنگ آباد میں مذکورہ واقعہ پیش آیا جس میں ایک مزدور زخمی بھی ہوا جسے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔محکمہ ریلوے کے مطابق 20 مزوروں کا گروپ تھا جس میں سے 15 حادثے میں ہلاک ہوگئے جبکہ 4 مزدور سکتے کی حالت ہیں اور ایک ہسپتال میں زیر علاج ہے۔پولیس افسر موکشا پٹیل نے بتایا کہ زندہ بچ جانے والوں سے معلومات حاصل کی جارہی ہے۔
پولیس نے بتایا کہ مزدور مدھیہ پردیش جارہے تھے اور انہوں نے ہائی وے سے بچنے کے لیے ریلوے پٹری پر چلنے کا انتخاب کیا۔موکشا پٹیل نے بتایا کہ مزدوروں کو خطرہ تھا پولیس انہیں لاک ڈاون کی وجہ سے روک لے گی۔پولیس کے مطابق مزدور مسلسل چلنے کے بعد پٹریوں پر ہی سوگئے تھے۔پولیس افسر موکشا پٹیل نے بتایا کہ سوئے ہوئے مزدور جمعہ کی صبح تقریباً سوا پانچ بجے مال بردار ٹرین کی زد میں آگئے۔