سیول (نمائندہ خصوصی) شمالی کوریا کا کہنا ہے کہ وہ ملائیشیا کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کردیں گے۔ یہ اعلان اس وقت سامنے آیا جب ملائیشیا کی ایک اعلیٰ عدالت کے فیصلے کے بعد شمالی کوریا کے ایک شخص کو پابندیوں کی خلاف ورزیاں کرنے کے جرم پر امریکہ کے حوالے کرنے کا فیصلہ سنایا گیا ہے۔ شمالی کوریا کے ریاستی میڈیا KCNA نے وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان نشر کیا جس میں کہا گیا ہے کہ واشنگٹن کو اس کی قیمت ادا کرنا پڑے گی۔ 2019 کے بعد سے شمالی کوریا کے باشندے مون چول میونگ پر ایف بی آئی نے شیل کمپنیوں کے ذریعہ منی لانڈرنگ کرنے اور قیمتی سامان شمالی کوریا کو بھیجنے کا الزام عائد کیا تھا لیکن اس نے ان الزامات کو مسترد کردیا تھالیکن اس ماہ کے شروع میں ملائیشیاکی عدالت نے اسے امریکہ بھیجنے کے حق میں ایک سابقہ فیصلے کو برقرار رکھا ہے۔ شمالی کوریا نے اپنے شہری کی بے گناہی پر احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ ان الزامات کے لئے کوئی قابل قبول ثبوت موجود نہیں ہے۔