واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) ڈونلڈٹرمپ کے صدر منتخب ہونے کے بعد سے ان کے خلاف انکشافات کا ایک سلسلہ شروع ہوا جو ان کے وائٹ ہاﺅس سے رخصت ہوجانے کے بعد بھی تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔ اب ان کے ایک سابق باڈی گارڈ نے بھی ان کے خلاف تہلکہ خیز انکشافات کر دیئے ہیں۔
میل آن لائن کے مطابق ڈونلڈٹرمپ کے اس باڈی گارڈ کا نام کیوین مککے ہے جس نے پانچ سال تک ان کے ساتھ کام کیا اور 2012ءمیں اسے نوکری سے نکال دیا گیا تھا۔ کیوین نے بتایا ہے کہ ”ایک بار صدر ٹرمپ نے سکاٹ لینڈ کے انٹرنیشنل گولف کورس میں مکڈونلڈز کا چیزبرگر خریدنے کے لیے مجھ سے 130ڈالر ادھار لیے تھے جو آج تک انہوں نے واپس نہیں کیے۔“
میل آن لائن کو انٹرویو دیتے ہوئے کیوین نے مزید بتایا ہے کہ ٹرمپ کے ساتھ ملازمت کے ان دنوں میں اس نے کئی بار ڈونلڈٹرمپ کو اپنی اہلیہ میلانیا پر چیختے چلاتے اور غصہ ہوتے دیکھا۔ وہ گاہے چھوٹی سے بات پر میلانیا پر بھڑک جاتے تھے۔ میں نے انہیں سکاٹ لینڈ کے تعاون نہ کرنے والے زمین مالکان کو ڈراتے دھمکاتے اور کنٹریکٹرز پر دھونس جماتے بھی دیکھا ہے۔ جب میں نے ان کے ساتھ ملازمت شروع کی تو میرا خیال تھا کہ وہ اچھے آدمی ہیں لیکن اب مجھ سمیت آپ سب بھی جان گئے ہیں کہ وہ کیسے انسان ہیں۔ وہ اپنی زبان کے پکے آدمی نہیں ہیں۔ ان کے ہاں نوکری کا دباﺅ بھی ان عوامل میں شامل تھا جن کی وجہ سے 2012ءمیں میری 23سالہ شادی ٹوٹ گئی۔“