نئی دلی (نمائندہ خصوصی) برصغیر کے معروف عالم دین اور تاریخی درس گاہ دارالعلوم دیوبند کے قائم مقام مہتمم مولانا قاری سید محمد عثمان منصور پوری انتقال کرگئے۔
مولانا عثمان منصور پوری گزشتہ دنوں کورونا وائرس کا شکار ہوئے تھے۔ انہیں 19 مئی کو گرو گرام کے ہسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں وہ کورونا کے بعد پیش آنے والی پیچیدگیوں کے باعث آج 22 مئی کو انتقال کرگئے۔ ڈاکٹرز کے مطابق مولانا عثمان منصور پوری کو دورانِ علاج دل کا دورہ پڑا جس سے وہ جانبر نہ ہوسکے۔
مولانا عثمان منصور پوری دارالعلوم دیوبند کے قائم مقام مہتمم ہونے کے ساتھ ساتھ جمعیت علماء ہند کے صدر بھی تھے۔ اس کے علاوہ وہ ختم نبوت ﷺ کے حوالے سے بھی پوری دنیا میں جانے جاتے تھے۔ مولانا عثمان منصور پوری انگریزوں کے خلاف تحریک آزادی کے سرگرم کارکن اور معروف عالم دین مولانا حسین احمد مدنی کے داماد تھے۔