پیرس(نمائندہ خصوصی) معروف اداکارہ اور سوشل ایکٹوسٹ ایما واٹس کی فلسطین کے حق میں پوسٹ پر اسرائیلی حکام آگ بگولا ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق اداکارہ نے ایک روز قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک تصویر پوسٹ کی جو گزشتہ برس مئی میں فلسطینیوں کی جانب سے کیے جانے والے مظاہرے کی ہے۔اس تصویر میں ویسے تو درجنوں فلسطینی ہیں جن میں سے ایک نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھایا ہوا تھا جس پر ’یکجہتی ایک فعل ہے‘ کا جملہ درج تھا۔ایماواٹسن نے اس تصویر کے ساتھ برطانوی نژاد آسٹریلوی ایکٹوسٹ سارہ احمد کا ایک قول بھی شیئر کیا۔
سارہ احمد نے کہا تھا کہ ’یکجہتی کا مطلب یہ نہیں کہ ہماری جدوجہد اور درد یکساں یا پھر ہماری امیدیں ایک جیسے مستقبل سے وابستہ ہوں بلکہ یکجہتی کا معاملہ عزم، کام اور پہچان سے ہے، ہم چاہے ایک جیسی زندگیاں نہ گزارتے ہوں، ہمارے جسم اور احساس علیحدہ ہوں مگر ہم ایک زمین پر رہتے ہیں، اسی کا مطلب یکجہتی ہے‘۔
برطانوی اداکارہ کی اس پوسٹ کو فلسطین کے حامی صارفین نے بہت سراہا اور حق میں آواز بلند کرنے پر شکریہ بھی ادا کیا جبکہ اسرائیل کے حمایت یافتہ صارفین نے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ اقوام متحدہ میں تعینات اسرائیل کے مستقل مندوب گیلاد ایردن نے ایما واٹسن کی پوسٹ پر شدید غصے کا اظہار کیا ہے۔