انقرہ (نمائندہ خصوصی) ترکی کے وزیر توانائی و قدرتی وسائل فتح دونمز کا کہنا ہے کہ سنہ 2021 کے دوران ترکی کی معدنیات کی برآمدات 5.9 ارب ڈالر رہیں جو تاریخ میں سب سے زیادہ تھیں۔
کان کنی کے حوالے سے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ترک وزیر نے کہا کہ 2021 معدنیات کے سیکٹر کیلئے ایک کامیاب سال تھا۔ سنہ 2000 میں ترکی کی معدنیات کی برآمدات صرف 565 ملین ڈالر تھیں جن میں سالانہ 40 فیصد سے زائد اضافہ ہوتا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ترکی نے سب سے زیادہ معدنیات چین، امریکہ، سپین، بلغاریہ، بیلجیم ، اٹلی، انڈیا، سویڈن، جرمنی اور فرانس کو برآمد کیں۔ اس کے علاوہ گزشتہ سال انڈونیشیا، ازبکستان، ہانگ کانگ، البانیہ اور سربیا معدنیات کی برآمدات میں شامل ہونے والے نئے ممالک تھے۔