• Tue. Jul 8th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

اتر پردیش انتخابات ، حکمران جماعت بی جے پی کو بڑا جھٹکا ، ریاستی وزیر اور تین اراکین اسمبلی نے مودی سے منہ موڑ لیا

Jan 12, 2022

لکھنو(نمائندہ خصوصی)ہندوستانی ریاست اتر پردیش میں اسمبلی انتخابات کے اعلان کے ساتھ ہی سیاسی ہلچل میں تیزی آنے کے ساتھ حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی)کی مشکلات میں شدید اضافہ ہو گیا ہے ،یوگی ادتیہ ناتھ کابینہ کے اہم وزیر سوامی پرساد موریہ سمیت تین اراکین اسمبلی نے بی جے پی سے استعفیٰ دیتے ہوئے اپوزیشن کی بڑی جماعت سماج وادی پارٹی میں شامل ہونے کا اعلان کردیا ہے ۔

بھارتی نجی ٹی وی کے مطابق اترپردیش کے وزیراعلیٰ یوگی ادتیہ ناتھ کابینہ میں شامل وزیر برائے محنت و کوآرڈنیشن سوامی پرساد موریہ کے استعفیٰ کے بعد بی جے پی کے تین ارکان اسمبلی برجیش پرجاپتی، روشن لال ورما اوربھگوتی ساگر نے پارٹی کو الوداع کہتے ہوئے سوامی پرساد موریہ کی حمایت میں مستعفی ہونے کا اعلان کردیا ہے ۔سوامی پرساد موریہ سماجوادی پارٹی میں شمولیت اختیار کر چکے ہیں، جبکہ تینوں ارکان اسمبلی کے بھی جلد سماج وادی پارٹی میں شامل ہونے کا کریں گے ۔ ایک ساتھ پارٹی کے وزیر اور کئی ارکان اسمبلی کے استعفیٰ کو بی جے پی کے لئے شدید جھٹکا قرار دیا جا رہا ہے۔ روشن لال ورما نے بی جے پی سے علیحدگی اختیار کرتے وقت کہا کہ یوگی حکومت میں ان کی 5 سالوں تک کی گئی شکایتوں پر کوئی سماعت نہیں ہوئی، جس کے سبب انہیں یہ فیصلہ لینا پڑا۔