نئی دہلی (نمائندہ خصوصی) بھارتی شہر نئی دہلی میں خاتون نے مبینہ طور پر 2 ماہ کی بیٹی کو قتل کرنے کے بعد لاش کو کپڑے میں لپیٹ کر مائیکرو ویو میں چھپا دیا ۔
نجی ٹی وی” جیو نیوز” کے مطابق دہلی پولیس نے بتایا کہ انہیں گزشتہ روز ایک کال موصول ہوئی جس میں اطلاع دی گئی کہ گھر کے مائیکرویو سے کپڑے میں لپٹی ہوئی بچی کی لاش برآمد ہوئی ہے، اہل خانہ بچی کو ہسپتال لے گئے جہاں اس کی موت کی تصدیق ہوگئی۔
پولیس کے مطابق واقعے کے وقت بچی کے والد سمیت دیگر اہلخانہ خریداری کیلئے بازار گئے تھے جبکہ گھر پر 2 ماہ کی بچی ، والدہ اور 4 سالہ بھائی موجود تھا،پولیس کا کہنا ہے کہ پڑوسیوں نے خاتون کو 4 سالہ بچے کو پیٹتے ہوئے سنا لیکن جب انہوں نے خاتون کو روکنے کی کوشش کی تو خاتون نے دروازہ لاک کرلیا۔
اہل خانہ کے ایک فرد نے بتایا کہ جب بند کمرے کا دروازہ توڑا گیا تو خاتون بے ہوش تھیں جنہیں ہسپتال منتقل کیاگیا جب کہ بچی موجود نہیں تھی ،اہل خانہ نے اس کی تلاش شروع کردی، گھر کے مختلف حصوں کی تلاشی کے بعد بچی کی لاش مائیکرو ویو سے برآمد ہوئی۔
نجی ٹی وی کے مطابق خاتون کے سسر نے بیان دیا ہے کہ ماں بچی کی پیدائش سے خوش بھی نہیں تھی اس لیے بہو نے بچی کو قتل کیا ہے اور اس وقت گھر پر بہو بچی کیساتھ اکیلی تھی ۔پولیس کے مطابق اہل خانہ نے بچی کے قتل کا الزام والدہ پر عائد کیا ہے لیکن خاتون سے تفتیش جاری ہے تاہم بچی کی موت کی وجوہات کا پتا نہیں چل سکا ہے
ماں نے2 ماہ کی بیٹی کو مبینہ طور پر قتل کر کے لاش مائیکرو ویو میں چھپا دی
