نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں بھارت کا جعلی ویزا تیار کرنے پر دو افریقی باشندوں کو گرفتار کر لیا گیا۔
انڈیا ٹوڈے کے مطابق ملزمان کو دہلی پولیس کرائم برانچ راجوری گارڈن نے حراست میں لیا۔ ملزمان بھارت کے جعلی ویزے تیار کرکے ایسے افریقی باشندوں کو دے رہے تھے جن کے ویزوں کی مدت ختم ہو چکی تھی۔
پولیس کے مطابق ملزمان یہ جعلی ویزے 4سے 5ہزار روپے میں فروخت کر رہے تھے۔ملزمان میں 33سالہ اورٹیکا لیونارڈ کا تعلق گھانا سے جبکہ 32سالہ ڈیومینڈ کا تعلق جمہوریہ کوٹے ڈی آئیورے سے ہے۔ ملزمان کے قبضے سے ایک لیپ ٹاپ برآمد کیا گیا ہے ، جس میں جعلی ویزے کا فارمیٹ موجود تھا۔
اس کے علاوہ ان کے قبضے سے ایک کلر پرنٹر، 6پاسپورٹس جن پر جعلی ویزے لگائے گئے تھے، مہریں، خالی پرنٹنگ شیٹس، مختلف بینکوں کے28اے ٹی ایم کارڈز، بینکوں کی چیک بکس، 11موبائل فونز بھی برآمد کیے گئے۔پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے اور مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
بھارت کا جعلی ویزہ تیار کرنے والے افریقی باشندے نئی دہلی سے ہی پکڑے گئے
