نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت میں طیارے کا ایندھن بچانے کے لیے ایئرکنٹرول ٹاور سے جھوٹ بولنے والے دو پائلٹس کے لائسنس منسوخ کر دیئے گئے۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق یہ چارٹرڈ طیارہ ممبئی میں رجسٹرڈ ایک نجی فضائی کمپنی کا تھا جس کے پائلٹس نے ایئرکنٹرول ٹاور سے جھوٹ بولا کہ ان کے پاس ایندھن کم ہے لہٰذا انہیں فوری طور پر لینڈنگ کی اجازت دی جائے۔
اگر پائلٹس یہ جھوٹ نہ بولتے تو انہیں کافی دیر تک فضاءمیں ہی چکر کاٹنے پڑتے، جس سے نہ صرف ایندھن خرچ ہوتا بلکہ وقت بھی ضائع ہوتا۔ پائلٹس کے جھوٹ بولنے پر ایئرٹریفک کنٹرولر نے دیگر پروازوں کو روک کر انہیں ہنگامی لینڈنگ کی خصوصی اجازت دے دی۔ تاہم بعد ازاں پائلٹس کا جھوٹ پکڑا گیا جس پر ان کے لائسنس 6ماہ کے لیے منسوخ کر دیئے گئے۔یہ پرواز بوکارو سے رانچی پہنچی تھی جہاں رانچی ایئرٹریفک کنٹرول سے پائلٹس نے مذکورہ جھوٹ بولا۔
طیارے کا ایندھن بچانے کے لیے ایئر کنٹرول ٹاور سے جھوٹ بولنے والے پائلٹس کو سزا مل گئی
